
اسلام آباد(آئی پی ایس )صدر پاکستان تحریک انصاف آذاد کشمیر و سینئر موسٹ وزیر سردار تنویر الیاس خان کی پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات،آزاد کشمیر کی عمومی سیاسی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ سیاسی جماعتوں کو آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے جبکہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے انفراسٹریکچر اور دیگر منصوبوں میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر سنجیدگی کے ساتھ غور کرنا چاہیئے۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے سردار تنویر الیاس خان کو پارٹی صدر بننے پر مبارک باد پیش کی اور اس توقع کااظہار کیا کہ سردار تنویر الیاس خان کی سر براہی میں بننے والی کشمیر ڈویلپمنٹ پروگرام کمیٹی سے حکومت اور اپوزیشن اراکین یکساں مستفید ہوں گے، انہوں نیوزیراعظم عمران خان کی جانب سے آزاد کشمیر کے لئے پانچ سو ارب کے پیکج کوخوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس پیکج میں اپوزیشن جماعتوں سے بھی تجاویز لی جائیں،جس پر سردار تنویر الیاس خان نے راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دیا جانے والا تاریخی پیکج صرف حکومتی اراکین کے لئے نہیں بلکہ پورے آزاد کشمیر کے لئے ہے،تاریخی پیکج سے پورے آزادکشمیر میں بلاتخصص تعمیر وترقی کی جائے گی، فیصل راٹھور کی تجویز کو پارٹی اور کیبنٹ میں زیر بحث لاتے ہوئے ایسا میکنزم تشکیل دیا جائے گا جس میں اپوزیشن کے نہ صرف جائز مقام کو تسلیم کیا جائے گا بلکہ اپوزیشن کی جانب سے تعمیر و ترقی کے حوالے سے دی جانے والی مثبت تجاویز پر بھی سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کوہاوس کے اندر جائز تنقید کرنے کا مکمل اختیار ہے،ہاوس کا اچھا چلنا تب ہی ممکن ہے جب موثر اپوزیشن ہوتی ہے،ہم اپوزیشن کے مثبت کردار سے بخوبی آ گاہ ہیں،اپوزیشن اراکین کے علاقوں میں تعمیر ترقی کے منصوبوں کو قطعی نظر انداز نہیں کیاجائے گا بلکہ اپوزیشن اراکین کی جائز ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کیا جائے گا اور مساوی بنیادوں پر آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔سینئر وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم آذاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی جو قائد ایوان ہیں انہوں نے بھی کابینہ ممبران کو واضح ہدایات دی ہیں کہ اپوزیشن اراکین کو آذاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کی جامع منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے اور ان سے تجاویز حاصل کی جائیں،سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے میگا پراجیکٹ لا رہی ہے ،ریاست میں سیاحت کے فروغ اور انڈسٹریلائزیشن کے طویل المدتی منصوبے نئے دور کا آغاز ہوں گے ،تحریک انصاف کے منصوبوں سے آزاد کشمیر میں خوشحالی اور کشمیریوں کی دیرینہ خواہشات تکمیل تک پہنچیں گی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت انتقام پر یقین نہیں رکھتی تاہم جنہوں نے ریاستی خزانے کے ساتھ لوٹ مار کی ہے ،انہیں احتساب کے شکنجے میں لایا جائے گا،تحریک انصاف کی حکومت میں کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی طے کی گئی ہے،کرپشن کریں گے اور نا ہی کسی اور کو کرپشن کرنے دیں گے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کابینہ کمیٹی نے حال ہی میں کئی منصوبوں کی منظوری دی ہے جن میں کئی کلومیٹر طویل شاہرات کی تعمیر ،نئے ہائیڈل پاور پراجیکٹ اور گرڈ سٹیشنز کی تعمیر،ضلعی ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیرکی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے ،دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے حالات پر اپنی بے حسی کو ختم کرنا ہو گا ،آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں آپسی اختلافات کے باوجود مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سیم پیج پر ہیں اور سب سیاسی جماعتیں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے حقیقی معنوں میں ثابت کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے سب سے بڑے وکیل ہیں ،اقوام متحدہ اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگرکرنے والے پاکستانی وزیراعظم کسی صورت بھی مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔