
اسلام آباد(آئی پی ایس ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور سینئر ججوں کی کانفرنس کا اختتام ایک مفرور کی تقریر سے ہونا ججوں اور عدلیہ کی توہین کے سوا کچھ نہیں۔ عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے نواز شریف کے خطاب کے حوالے سے اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو مشورہ دیا ہے کہ انہیں غیر جانبدار رہنا چاہئے، اسی صورت وہ معاون کردار ادا کر سکتے ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان اور سینئر ججوں کی کانفرنس کا اختتام ایک مفرور شخص کی تقریر سے ہو رہا ہے جو ججوں اور عدلیہ کی توہین کے سوا کچھ نہیں ہے۔ماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ بار کو مشورہ ہے وہ غیر جانبدار رہے، سپریم کورٹ بار کی غیر جانبداری سے ہی وکلا کا تعاون ممکن ہوگا۔فواد چوہدری نے ایک صحافی کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی عدالت کے بڑے مقدموں کی فہرست دیکھیں تو ہر کیس میں حامد خان اور ایک دو اور وکیل ہیں، ان لوگوں نے عدلیہ کی آزادی کے نام پر اتنا مال کمایا کہ اگلے پچھلے پر ہو گئے، نواز شریف نے وکلا تحریک کیلئے جسٹس خواجہ شریف کو تھیلوں میں پیسے بھجوائے، اس حوالے سے نامور وکیل علی احمد کرد کے لیکچر سن لیں۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ مرحومہ عاصمہ جہانگیر کی یاد میں منعقد کی گئی کانفرنس میں مجھے بھی مدعو کیا گیا تھا، لیکن مجھے یہ بھی بتایا گیا کہ کانفرنس کا اختتام ایک مفرور ملزم کی تقریر سے ہوگا، ظاہر ہے یہ ملک اور آئین کا مذاق آڑانے کے مترادف ہے، اس لئے میں نے کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی، چیف جسٹس آف پاکستان اور سینئر ججوں کے خطاب کے بعد کانفرنس کا اختتام ایک مفرور شخص کی تقریر سے ہوا، جو ججوں اور عدلیہ کی توہین کے سوا کچھ نہیں ہے۔