
لاہور (آئی پی ایس ) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ ہمیں آگے چلنا ہے راستہ نہیں بدلنا،مفتی منیب الرحمان سمیت جس نے بھی تحریک لبیک پاکستان کے لیے کاوشیں کیں ، ہم ان تمام لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں،ان ماؤں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو لانگ مارچ میں بھیجا۔ لاہورمیں شہدائے ناموسِ رسالت کانفرنس و عرس حافظ خادم حسین رضوی سے خطاب کے دوران سعد رضوی نے کہا کہ جس کی فکر اور نظریہ کمزور ہو اس کے ہاتھ میں ایٹم بم بھی ہو تو بھی وہ کچھ نہیں کرسکتا، ہمارے قائد خادم رضوی نے بتایا کہ کس طرح ظالم کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنی ہیں، ہمارے شہید بھی بازی جیت گئے، ہمارے زخمی بازی جیت گئے اور ہماری مائیں بھی بازی جیت گئیں کیونکہ یہ بازی موت سے نہ ڈرنے کی بازی تھی، ہم مر جائیں گے ظالم کی حمایت نہیں کریں گے۔ سربراہ ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ کارکن ہماریاعتماد پر پورا اترے ہیں، ہمیں آگے چلنا ہے راستہ نہیں بدلنا۔ اب ہمارا ایک ہی مقصد ہے کہ ووٹوں کے ڈبے خالی نہیں ہونے چاہییں، کاغذوں کا وزن اتنا بڑھانا ہے کہ کوئی ہمارا ووٹ چوری نہ کر سکے۔ واضح رہے کہ سعد رضوی کو حکومت سے معاہدے کے تحت رواں ماہ ہی رہا کیا گیا ہے۔