
اسلام آباد (آئی پی ایس ) دارالحکومت اسلام آباد کے پوش علاقہ ایف ٹین میں دن دیہاڑے پاکستان مسلم لیگ ن شعبہ خواتین کی مرکزی صدر موجودہ سینیٹر اور سابق ممبر قومی اسمبلی نزہت عامر صادق کے گھر نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کی نوک پر اہل خانہ کو یرغمال بناتے ہوئے قیمتی سامان بڑی تعداد میں نقدی اور طلائی زیورات چھین کر با آسانی فرار ہو گئے۔ مسلم لیگ ن فیڈرل کیپیٹل اسلام آباد کے صدر اور وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی مسلم لیگ ن اسلام آباد کے مقامی رہنماؤں صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ فیڈرل کیپیٹل اسلام چیئرمین یونین کونسل راول ٹاؤن مارگلہ چیئرمین سردار مہتاب احمد خان ایڈووکیٹ، چیئرمین چوہدری اللہ دتہ چیئرمین رانا محمد اشفاق اور مسلم لیگ ن لیبر ونگ اسلام آباد کے صدر راجہ محمد سفیر کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچے اور فوری طور پر آئی جی اسلام آباد کو فون پر واقعہ کے بارے آگاہ کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے فوری طور پر ایس ایس پی آپریشن محترم علی صاحب اور ڈی ایس پی حاکم خان صاحب اور ڈی ایس پی رخسار مہدی صاحب اور دیگر اعلی پولیس حکام کو موقع پر پہنچ کر فوری ضروری اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد پولیس کے اعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دارالحکومت میں موجودہ سینیٹر کے گھر دن دیہاڑے مسلح افراد کا بے خوف و خطر واردات کرنا اسلام آباد پولیس کے لئے چیلنج اور موجودہ وفاقی حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ پولیس کے اعلی حکام نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے اسلام آباد پولیس اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی اور انشااللہ بہت جلد ھم اپنے مقصد میں کامیاب ہوجائیں گے۔ یاد رہے نزہت عامر صادق کے شوہر کے بھائی محمد طارق جو کہ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر اور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر ہیں کے گھر بھی ویسٹریج راولپنڈی میں چند ماہ قبل اسی نوعیت کی ڈکیتی کی واردات ہو چکی ہے ۔