
اسلام آباد(آئی پی ایس)چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے صدر اسلام آباد چیمبر کامرس وانڈسٹری شکیل منیر کے ہمراہ جناح سپر ایف سیون مرکز کا دورہ کیا،سی ڈی اے کے تمام متعلقہ افسران موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ایف سیون مرکز میں تمام سٹریٹ لائٹس کو فوری آپریشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ایف سیون مرکزکی تمام سٹریٹ لائٹس ایل ای ڈی لائٹس کے ساتھ تبدیل کیا جائے۔ چیئر مین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ مرکز کے تمام سٹ آئوٹ ایریاز کو بہتر بنایا جائے ،گرین ایریاز کو بھی بہتر بنایا جائے،مرکز سے تجاوزات کو فوری ختم کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پارکنگ ایریا کو فوری طور پر فنکشنل کیا جائے ،پارکنگ ایریا میں سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی کے ساتھ کیمرے بھی لگائے جائیں ۔چیئرمین سی ڈی اے نے تاجروں کے مسائل کے فوری حل کے لئے رابطہ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی،رابطہ کمیٹی سی ڈی اے افسران اور تا جروں پر مشتمل ہو گی۔ اس موقع پر تاجروں برادری نے شہر ترقیاتی کاموں کے لئے سی ڈی اے کی کوششوں کوسراہا ،تاجر برادری نے جناح سپر مارکیٹ میں روڈ کارپٹنگ کرنے پر سی ڈی اے کی کوششوں کو بھی سراہا۔