
کراچی (آئی پی ایس )1988 اور 90میں مسلسل دو مرتبہ پیر پاگاڑہ کو الیکشن ہرانے اور پھر الیکشن سیاست سے پیر پاگاڑہ کو بددل کرنے والے خیرپور کے عظیم سپوت اور پیپلز پارٹی ایم این اے سید جاوید علی شاہ کے بھائی سابق وفاقی و صوبائی وزیر سید پرویز علی شاہ جیلانی انتقال کرگئے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر خیرپور میں سابق وفاقی وزیر سید پرویز علی شاہ جیلانی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔مرحوم کے اہلِ خانہ کے مطابق انتقال کے وقت سید پرویز علی شاہ جیلانی کی عمر 73 برس تھی۔سید پرویز علی شاہ جیلانی مرحوم کے اہلِ خانہ نے بتایا ہے کہ مرحوم کی تدفین جیلانی محلے میں واقع آبائی قبرستان میں بعدِ نماز مغرب کی جائے گی۔واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر پرویز علی شاہ جیلانی سابق وزیرِ اعلی سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما قائم علی شاہ کے بھانجے تھے۔