اہم خبریںپاکستان

نیب پراسیکیوٹرز کی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئےتربیت کوترجیح دیتاہے، چیئرمین

اسلام آباد چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہاہے کہ نیب تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی صلاحیتوں کو مزیدبڑھانے کے لئے جدید خطوط پر مستقل بنیادوں پرتربیت کو اولین ترجیح دیتاہے، نیب نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں جدیدپاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی ہے۔ان خیا لات کا اظہارانہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران بتایاگیا کہ نیب ہیڈ کوارٹرز میں جدیدپاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی گئی ہے کیونکہ نیب ہمیشہ اپنے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے جدید خطوط پر مستقل بنیادوں پرتربیت کو اولین ترجیح دیتاہے،چونکہ تربیت ایک مستقل عمل ہے جوتفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کے معیار کی بہتری اور اسے برقرار رکھنے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب ملک کا اعلی ادارہ ہے جس کو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کو نبھانے کے لئے انتہائی جذبہ سے سرشار اور اعلی تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی نئے بھرتی ہونے والے نیب افسران کی تربیت کا منصوبہ بنائے گی اور اس کا اہتمام کرے گی اورمالی جرائم کی تحقیقات کے شعبوں میں موجودہ ہیومن ریسورس کی موجودہ صلاحیت میں بہتری ،قومی احتساب بیورو اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے لئے فرانزک تجزیہ اور استغاثہ میں معاونت،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نظام میں کمزوریوں کی تشخیص ، ضروری جائزہ کی بنیاد پرسسٹم میں بہتری لانااور مالی جرائم اور بدعنوانی کی روک تھام ،اچھے نظم و نسق کیلئے جدید طریقوں کی نشاندہی میں معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی تمام مقامی اورغیر ملکی اداروں کے درمیان تربیت ، تحقیق و اصلاح ، فرانزک تجزیہ ، نصاب میں بہتری،مالی جرائم اور انسداد کے شعبوں میں تفتیشی افسران کی ایکریڈیٹیشن میں بین الاقوامی تعاون میں مدد فراہم کرے گی۔پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی نیب کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کے تحت ایک ادارہ ہوگا جو مقررہ طریقہ کار،حدود اور قواعدو ضوابط کے مطابق کام کرے گا۔چیئرمین نیب نے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ نیب کی جدیدپاکستان اینٹی کرپشن اکیڈ می کا قیام نیب کی تاریخ کا سنگ میل ہے جس سے ایس او پیز ، قوانین اور قواعد و ضوابط کے معیاری اطلاق میں نیب کومدد ملے گی۔اس سے تمام تفتیشی افسران اور استغاثہ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ایک معیاری نصاب کی تیاری میں مدد ملے گی۔معیار اور یکسانیت کو یقینی بنانے کے لئے جدید خطوط پر تربیتی پروگرام بعد میں جائزہ لینے اور مستقبل کی تربیت کی ضروریات میں بہتری کی بنیاد بن سکیگا۔انہوں نے کہا کہ نیب میں جدید فرانزک سائنس لیبارٹری راولپنڈی میں قائم کی گئی ہے جس میں فرانزک مواد کے تجزیے اور اس سے متعلق ماہرانہ رائے کی سہولت موجود ہے، اس میں فرانزک مواد کے تجزیہ کیلئے سائنسی آلات استعمال کئے جاتے ہیں، جدید فرانزک تکنیک سے استفادہ کیا جاتا ہے اور فرانزک مواد کو اکٹھا کرنے ، محفوظ بنانے اور نمٹانے کیلئے فرانزک مواد کے تجزیہ کیلئے مناسب سائنسی آلات کی خریداری کی جاتی ہے اور مقدمات کی اہمیت کے تناظر میں مقررہ طریقہ کار کے مطابق فرانزک مواد کے معاملہ کو نمٹانے میں شامل افراد سے وضاحت بھی لی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانزک تجزیہ کی سہولت وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات کرنے والے اداروں کیلئے اہم ہوتی ہے اس لئے پاکستان اینٹی کرپشن ٹریننگ اکیڈمی میں نیب افسران اور اس سے منسلک دیگر ملکی و غیر ملکی فرانزک پریکٹیشنرز کو عالمی مسابقتی معیار کے مطابق فنگر پرنٹ کے تجزیے، کمپیوٹر فرانزک آڈیو ویژول ثبوت، سوالیہ دستاویزات اور ڈیجیٹل ثبوت کے تجزیہ میں ان کی مہارتوں میں اضافہ کیلئے خصوصی فرانزک تربیتی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ اپنے فعال اختیارا ت کے مربوط حصہ کے طور پر یہ اکیڈمی بہترین نتائج اور معیاری یقینی دہانی اقدامات کے طور پر فرانزک تجزیہ پر توجہ دے گی، اس مقصد کیلئے اکیڈمی تمام متعلقہ فریقوں سے رابطہ کرے گی تاکہ فرانزک سائنس سے متعلق جدید کورسز کی تعلیم دی جا سکے۔ یہ اکیڈمی ڈیجیٹل دستاویزی امتحان ، انجینئرنگ منصوبوں، مواد اور فرانزک تجزیہ سے متعلق لیکچرز کا اہتمام کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker