
اسلام آباد(آئی پی ایس ) سی ڈی اے کاوفاقی دارالحکومت میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور آپریشن۔سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کو سیکٹر I-8، سملی ڈیم روڈ، کری روڈ اور پونا فقیراں گاں نزد مارگلہ ٹاؤن میں کارروائیاں کی۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے محکمہ انوائرنمنٹ اور بلڈنگ کنٹرول کے عملے کے ہمراہ اسلام آباد میں گھروں کے باہر تجاوزات کو ختم کرنے لئے جاری مہم کے دوران سیکٹر I-8/2 اور I-8/3 میں 20 گھروں کے باہر سے 12 لوہے کے جنگلے، 3 کار شیڈز اور 3 سیکیورٹی کیبن، 1 واش روم اور 1 بیرئیر بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دئیے جبکہ متعدد گھروں کے رہائشی اور مالکان نے نقصان سے بچنے کے لئے از خود بھی تجاوزات کو ہٹانا شروع کر دیا ہے۔ بعدازاں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میں ریجنل پلاننگ کے نمائندے کی نشاندہی پر سملی ڈیم روڈ پر ایک غیر قانونی سوسائٹی بنانے کے لئے جاری پلاٹنگ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جس کے دوران 4 ڈی پی سی اور 2 گھروں کی تعمیر کے لئے بنائے گئے سٹرکچر کو مسمار کر دیا جبکہ 1 گھر کی عمارت کو سربمہر کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں پونا فقیراں گاں نزد مارگلہ ٹاؤن میں 1 کنال سرکاری اراضی پر بننے والی نئی چار دیواری کو مسمار کر کے قبضہ کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اسی طرح کری روڈ پر ایک نجی سوسائٹی کے سامنے سرکاری اراضی پر ایک نرسری بنانے کی غرض سے شیڈ نصب کیا گیا تھا جسکے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شیڈ کو اکھاڑ کر سرکاری پر غیر قانونی کاروبار کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔