بین الاقوامی

چینی صدر کا چین امریکہ تعلقات کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کی خواہش کا اظہار

چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کو فروغ دینا چاہیے، شی جن پھنگ کا امر یکی ہم منصب کے ساتھ ور چوئل ملا قات میں اظہار خیال

یقینی بنانا ہو گا کہ دونوں ممالک کا مقابلہ، تصادم میں تبدیل نہ ہو، چین امریکہ تعلقات پوری دنیا پر بھی اہم اثرات مرتب کرتےہیں، امر یکی صدر

بیجنگ ( ما نیٹر نگ ڈیسک)
چینی صدر شی جن پھنگ نے نشاندہی کی ہے کہ چین اور امریکہ کو دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کی حیثیت سے روابط اور تعاون کو مضبوط بنانا چاہیئے، اپنے اپنے اندرونی معاملات سے احسن انداز میں نپٹنے کے ساتھ ساتھ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو بھی نبھانا چاہیئے تاکہ انسانیت کی ترقی و امن کا عظیم نصیب العین مشترکہ طور پر فروغ پائے۔یہ چین، امریکہ نیز دنیا کے مختلف ممالک کےعوام کی مشترکہ خواہش ہےاور چین امریکہ سربراہان کا مشترکہ مشن بھی ہے۔ چینی صدر نے منگل کے روز امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ چین امریکہ تعلقات اور باہمی تشویش کے امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک ورچوئل ملا قات کی ۔ اس دوران صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکی صدر کے ساتھ چین امریکہ تعلقات کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔
امریکی صدر نے چینی صدر کے ساتھ ملاقات کے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں صدور کی بات چیت ماضی کی طرح پرخلوص ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے سربراہان کی حیثیت سے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ دونوں ممالک کا مقابلہ، تصادم میں تبدیل نہیں ہوگا۔ہمیں اتفاق رائے کی تعمیرنو کرنی چاہیئے،اختلافات سے پرخلوص اور شفاف انداز میں نپٹنا چاہیئے،مشترکہ مفادات سے متعلق شعبوں خاص طور پر ماحولیاتی تبدیلی سمیت اہم عالمی امور پر مل کر کام کرنا چاہیئے۔امریکی صدر نے کہا کہ چین امریکہ تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا پر بھی اہم اثرات مرتب کرتےہیں۔
دونوں صدور کے علاوہ چین اور امریکہ کی جانب سے پانچ اعلی عہدیداران نے اس ورچوئل میٹنگ میں شرکت کی۔چین کی جانب سے سی پی سی مرکزی کمیٹی کے دفتر کے ڈائریکٹر دنگ شوئے شیانگ،نائب وزیر اعظم لیو حہ ،مرکزی کمیٹی کے کمیشن برائے امور خارجہ آفس کے ڈائریکٹر یانگ جیے چھی،ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای اور نائب وزیر خارجہ شیے فنگ نے میٹنگ میں شرکت کی۔جب کہ امریکہ کی جانب سے میٹنگ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ،صدر کے مشیر برائے امورِ قومی سلامتی جیک سولیون ،وزیر خزانہ جینیٹ ییلن،صدر کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی کرٹ کیمبل ،امریکہ کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے امورِ چین کی سینیئرڈائریکٹر لارا روسنبرگ شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker