اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

شوکاز نوٹس: فوادچوہدری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی)اور ادارے پر الزام تراشی سے متعلق معاملے پر سماعت ہوئی، فواد چوہدری الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوگئے جب کہ اعظم سواتی اور ان کے وکیل علی ظفر پیش نہیں ہوئے۔ علی ظفر کے معاون وکیل نے کہا کہ سنیٹ اجلاس چل رہا ہے اس لیے اعظم سواتی اور بیرسٹر علی ظفر نہیں آسکے، جس پر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے آپ سے جواب جمع کرانے کا کہا تھا، اگلی سماعت پر اعظم سواتی کا جواب نہ آیا تو فرد جرم عائد کردیں گے۔الیکشن کمیشن میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے الیکشن کمیشن میری وضاحت کو مثبت انداز میں لے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیر کے حیثیت سے میں جو بھی بات کرتا ہوں وہ حکومت اور کابینہ کی پالیسی ہوتی ہے، وہ میری ذاتی رائے نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کو بتایا کہ جو بات کرتا ہوں بطور وزیر اطلاعات کرتا ہوں، میں وفاقی کابینہ کی نمائندگی کرتا ہوں۔ امید ہے الیکشن کمیشن میری باتوں کو مثبت لے گا۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کے درمیان اختلاف کی سب سے بڑی وجہ آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)کے استعمال کا معاملہ ہے۔الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں 37 اعتراضات پر مبنی نوٹ سینیٹ میں پارلیمانی امور کی قائمہ کمیٹی کو بھجوایا تھا۔فاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر کو اپوزیشن کا ترجمان اور آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اگر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو میں انہیں دعوت دیتا ہوں وہ عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں۔وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر پیسے لینے اور غیر شفاف انتخابات کروانے کے الزامات بھی لگائے تھے۔ وفاقی وزیر نے یہاں تک کہا تھا کہ ایسے ادارے کو آگ لگا دینی چاہیے۔الیکشن کمیشن نے وزیر ریلوے اعظم سواتی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان سے ثبوت طلب کیے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker