![](https://ips.media/wp-content/uploads/2021/11/imran-khan-2.jpg)
اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریا ست مدینہ اصول پسندی اور اخلاقیات کا عملی نمونہ تھی،میثاقِ مدینہ انسانی حقوق کا محافظ تھا ،اسلامی معاشرہ اپنے دور کا سب سے جدت پسند معاشرہ تھا ،صوفیا کرام نے سیرت کی روشنی میں مقامی لوگوں کو انکی زبان میں دین کی تعلیمات فراہم کیں،مذہبی تہواروں کو کردار سازی کا ذریعہ بنانے پر زور دیا جائے گا ،جامعات میں تحقیق اور غورو فکر سے سیرت کے اہم پہلوں کو اجاگر کیا جائے گا،پاکستان کا ہر شہری عاشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے،عشقِ رسول کا سب سے بڑا ثبوت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر عمل کرنا ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کا جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا پیر نور الحق قادری، شفقت محمود، پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اکرم، ڈاکٹر خالد مسعود اور شہزاد نواز نے شرکت کی۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو اتھارٹی کے قیام پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اتھارٹی کیلئے جامع میڈیا پلان آئندہ ہفتے پیش کر دیا جائے گا ۔ جدید طریقہ کار سے نوجوانوں اور بچوں کی سیرتِ طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں کردار سازی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔بین الاقوامی سطح پر سیرت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور اسلاموفوبیا کا سدِ باب کرنے کیلئے سفارتخانوں کو آن بورڈ لیا جائے گا۔یونیورسٹیز اور سکولز کے نصاب میں بھی سیرتِ طیبہ کی روشنی میں اخلاقیات کی تدریس شامل کی جائے گی۔اسلام اور سائنس میں ہم آہنگی کو اجاگر کرنے کیلئے تحقیق اور اقدامات بھی اتھارٹی کے مقاصد میں شامل ہیں۔وزیرِ اعظم نے اتھارٹی سے متعلق تمام اقدامات کو جلد عملی جامع پہنانے کی ہدایات جاری کیں۔