اسلام آباد (خبرنگار خصوصی )وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان نے کوویڈ 19 کے دوران بہت سے ترقی یافتہ ممالک سے بھی بہتر پرفارم کیا اور معیشت کا پہیہ رکنے نہیں دیا، خسرہ اور روبیلا کی مہم کے دوران بھی ہم تمام شعبوں کو ساتھ ملا کر اسے کامیاب بنائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد میں خسرہ اور روبیلا سے بچائو کی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ قریب ہے اور بہت سی وبائی امراض سے ہم چھٹکارا حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خسرہ اور روبیلا سے بچا ئوکی اس مہم کے دوران اپنے 9 ماہ سے 15 سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں تاکہ ان موذی امراض کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس موقع محکمہ صحت اسلام آباد کے حکام، ڈی ایچ ایس ڈی جی ڈاکٹر حسن عروج، عوامی رابطہ کمیٹی این اے 54 کے کنوینئر قاضی تنویر اور راجہ فیصل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائر یکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سرو سز ڈاکٹر حسن عروج کا کہنا تھا کہ خسرہ و روبیلا خطر ناک بیماریاں ہیں ، کسی ایک فرد کو بھی افواہوں پر کان نہیں دھرنا ، یہ مہم صرف سکول کے بچوں کو ٹیکے لگانے تک محدود نہیں ہے بلکہ اس مہم کا مقصد وفاقی دارالحکومت کے تمام بچوں کو ان بیماریوں سے بچانا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خسرہ و رو بیلا سے بچائو کے لئے پہلی مرتبہ کمبی نیشن ویکسین تیار کی گئی ہے،نو ماہ سے پندرہ سال کے جو بچے خسرہ سے بچائو کی ویکسین یا انجیکشن پہلے لگوا چکے ہیں ان کے لئے بھی یہ ویکسین یا انجیکشن لگوانا لازمی ہو گا۔بعد ازاں تعلیمی ادارے میں موجود بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچائو کے انجیکشن لگائے گئے۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی خسرہ و روبیلا سے بچائو کی مہم کے آغاز پر بچوں کو انجیکشن لگائے گئے۔ حکام کے مطابق مہم کے تحت اسلام آباد میں مجموعی طور پر ساڑھے سات لاکھ بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔