
اسلام آباد(آئی پی ایس )حکومت ای وی ایم(لیکٹرانک ووٹنگ مشین)سے متعلق اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہوگئی ،اس ضمن میں دونوں کے اہم وفود کی ملاقات پیر کو ہوگی۔ حکومت نے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے اتحادی جماعتوں اور حکومت کے وفود کے درمیان اہم ملاقات طے پاگئی ۔ اتحادی جماعتوں کو ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی جب کہ حکومتی وفد اتحادی جماعتوں کے دیگر تحفظات بھی دور کرے گا۔حکومتی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق نے انتخابی اصلاحات پر حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ۔حکومتی زرائع کے مطابق ق لیگ نے مشترکہ اجلاس میں حمایت کا یقین دلا دیا ، ق لیگ سے مثبت بات چیت ہوگئی ہے ، حکومت اپنے اتحادیوں کو آئندہ دو روز میں اعتماد میں لے گی، ای وی ایم اور انتخابی بل پر اتحادیوں کو جامع بریفنگ دی جائے گی، اتحادیوں جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں کو پہلے ہی اعتماد میں لیا جا چکا ہے، پارٹیاں اپنے اندرونی معاملات کی وجہ سے بعض اوقات وقتی سیاسی پوزیشن لیتی ہیں ، ایم کیو ایم اور ق لیگ ہمارے ساتھ تھے اور رہیں گے، ق لیگ مطمئن ہوچکی ہے خوشخبری جلد سن لیں گے ، منگل یا بدھ تک اتحادیوں کیساتھ تمام معاملات ایک بار پھر طے ہوجائیں گے۔ دوسری جانب انتخابی اصلاحات سمیت اہم قانون سازی سے متعلق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو طلب کیے جانے کا امکان ہے جبکہ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ حتمی فیصلہ آج مشاورتی اجلاس میں ہوگا۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو بلائے جانے کا امکان ہے،مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق قانون سازی ہو گی جبکہ ای وی ایم ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی قانون سازی ہونی ہے ۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کے حوالے سے آج مشاورتی اجلاس ہوگا اوراجلاس کے بارے میں آج فیصلہ کیا جائے گا۔