اسلام آباد(آئی پی ایس )سابق ایڈ منسٹریٹر اسلام آبادو ڈی جی آئی سی ٹی سیدہ شفق ہاشمی نے برکی خاندان کو زمین کی الاٹمنٹ کے حوالے سے ہونے والے پروپگنڈے اور خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد اور من گھڑت الزمات عائد کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سیدہ شفق ہاشمی نے عدالتی حکم کے مطابق 27 ستمبر 2021 کو الاٹمنٹ آرڈر منسوخ کر دیا تھا،یہ مکمل طور پر عدالتی نوعیت کا معاملہ تھا انتظامی نہیں، اور برکی خاندان سمیت تمام فریقین کے پاس فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق موجود تھا، تاہم عدالتی معاملے پر کیا جانے والا بے بنیاد پروپگنڈا انتہائی افسوسناک ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سیدہ شفق ہاشمی کو دسمبر 2019 میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کے طور پر غیر ملکی پوسٹنگ کے لیے منتخب کیا گیا تھا ، سیدہ شفق ہاشمی نے کراچی آئی بی اے کے اوپن مسابقتی امتحان میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی تاہم وزارت اوورسیز کے خلاف عدالت میں کیس کی وجہ سے انکی تقرری زیر التوا رہی۔ سیدہ شفق ہاشمی نے میٹرو پولٹین کارپوریشن اسلام آباد میں2020 میں شمولیت اختیار جبکہ وہ اس سے قبل ہی بیرون ملک اتاشی کیلئے منتخب ہو چکی تھیں ۔ آئی سی ٹی کی خاتون افسر اپنی دیانتداری اور وقار کیلئے جانی جاتی ہیں اور اسلام آباد میں اپنے پورے دور میں متنازعہ کوآپریٹو معاملات سمیت ان کے عدالتی فیصلوں کو ہائی کورٹ میں نظیر کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ برکی خاندان کے نام پر فی الوقت کسی حکم نامے سے کوئی الاٹمنٹ نہیں ہوئی اس لیے ایسے بے بنیاد الزامات کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ایک مخصوص گروہ اپنے مخصوص ایجنڈے کے لیے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے اور جان بوجھ کر معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، خاتون افسر کیخلاف جعلی اور بے بنیاد الزمات عائد کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت کے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔