
اسلام آباد(آئی پی ایس )مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی رہنماؤں کے خلاف شکنجہ تیار،وفاقی حکومت نے قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور سید قائم علی شاہ کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے، وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔تفصیلات کے مطابق شہباز کی پرواز روکی تو سید قائم علی شاہ کو بھی سٹاپ لگ گیا۔وفاقی کابینہ نے دونوں رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی۔وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور پیپلزپارٹی کے بزرگ رہنما سید قائم علی شاہ کے نام مختلف کیسز کی وجہ سے ای سی ایل میں ڈال دئیے، شہبازشریف پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں جبکہ سید قائم علی شاہ کے خلاف سندھ روشن پروگرام میں کرپشن کا کیس نیب میں ہے۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر دونوں رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں شامل کیے گئے۔اس سے پہلے قومی احتساب بیورو نیب نے لیگی صدر شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ اپوزیشن لیڈر نیب کیسز میں ملزم ہیں،خدشہ ہے کہ وہ ملک سے باہر چلے جائیں گے۔