
اسلام آباد(آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کو وسیع تر قومی مفاد کو مدنطر رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کی تمام اہم اصلاحات پر پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر جامع فیصلہ سازی اور اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے آگے بڑھنا چاہیے۔سپیکر قومی اسمبلی نے خط میں لکھا کہ وسیع تر عوامی مفاد میں الیکشنز (ترمیمی)بل 2021 سمیت مختلف بلز پر دوبارہ مشاورتی عمل شروع کرنے اور قانون سازی کیلئے تشکیل دی گئی متفقہ کمیٹی کے فورم کو بروئے کار لایا جائے۔اسد قیصر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مختلف بلز بشمول الیکشنز (ترمیمی)بل 2021 قومی اسمبلی سے پاس ہو چکے ہیں لیکن مقررہ وقت میں سینیٹ سے منظور نہ ہوسکے۔انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ مذکورہ بل مجلس شوری (پارلیمنٹ)کے مشترکہ اجلاس میں زیر غور آنے ہیں۔ ان بلوں پر غور کرنے اور ترامیم تجویز کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے اتفاق رائے سے قانون سازی سے متعلق متفقہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔سپیکر نے لکھا کہ کمیٹی کی طرف سے مشاورتی عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ امید ہے اپوزیشن لیڈر اس عمل کو بامقصد بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ سپیکر آفس مذکورہ بلوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں حکومت اور اپوزیشن کو سہولت فراہم کرے گا۔