ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا دبئی میں دوبدو ہوں گے، نیوزی لینڈ، انگلینڈ کو شکست دے کر پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ٹی 20 ورلڈکپ کے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان اور آسٹریلیا آج میدان سجائیں گے، زور کے جوڑ پر سب کی نظریں لگی ہیں، ناقابل شکست قومی شاہینوں کا فتوحات سے مورال ہائی ہے۔کوچنگ اسٹاف کی زیر نگرانی قومی کھلاڑیوں نے گذشتہ روز خوب پریکٹس کی جس کے دوران بیٹنگ، بولنگ میں مزید نکھار لائے۔ فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر بھی خصوصی توجہ دی۔ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے بھی فاتحانہ موڈ والا پلان شیئر کر دیا۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بابر الیون کو دبنگ انداز میں اِن ایکشن ہونے کا مشورہ دے دیا۔ گرین شرٹس پر 11 سال پہلے مائیک ہسی کے چھکوں بھری شکست کے بدلے کا جنون بھی سوار ہے۔ اس فارمیٹ کے تمام انٹرنیشنل مقابلوں میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے جبکہ ٹیم پاکستان نے 23 میں 12 میچ جیتے اور اسے 9 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب آسٹریلینز نے بھی تیاریاں مکمل کر لیں، جیت کا عز م ظاہر کر دیا۔ آج کے تگڑے مقابلے کیلئے جہاں کھلاڑی پرعزم ہیں وہیں دونوں ممالک کے شائقین بھی پرجوش ہیں۔دوسری جانب تاریخ پر نظر دوڑاہی جائے تو ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان آسٹریلیا پر بھاری ہے لیکن ناک آوٹ مرحلے میں گرین شرٹس نے کبھی آسٹریلیا کو مات نہیں دی۔2010کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی، مائیکل ہسی نے چوبیس گیندوں پر ساٹھ رنز بنائے اور سعید اجمل کے آخری اوور میں اٹھارہ رنز بھی جوڑے تھے۔آج پاکستان اور آسٹریلیا ٹی20 ورلڈکپ سے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ دبئی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام7 بجے شروع ہوگا۔