![](https://ips.media/wp-content/uploads/2021/11/na.jpg)
اسلام آباد، حکومت کی طرف سے طلب کیا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کر دیا گیا ۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ انتخابی اصلاحات ملک کے مستقبل کا معاملہ ہے،ہم نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں کہ ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو ،اس سلسلے میں اسپیکر اسد قیصر کو اپوزیشن سے ایک بار پھر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے، تا کہ ایک متفقہ انتخابی اصلاحات کا بل لایا جا سکے،پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کو اس مقصد کیلئے مو خر کیا جا رہا ہے،ہمیں امید ہے اپوزیشن ان اہم اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کرے گی ،اور ہم پاکستان کے مستقبل کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر پائیں گے، تاہم ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہم اصلاحات سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بروز جمعرات دن 11 بجے طلب کیا جس میں انتخابی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ، ادارہ جاتی اصلاحات اور کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق قانون سازی کی جانا تھی جبکہ اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان کیا گیا تھا ۔