
اسلام آباد ، وزیراعظم پاکستان کے اعلان کردہ مجوزہ کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج کو حتمی شکل دینے کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس صدر تحریک انصاف آزادکشمیر، وسربراہ کمیٹی سردار تنویر الیاس کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزرا حکومت عبدالماجد خان،اظہر صادق،چوہدری رشید،اکمل سرگالہ،چوہدری علی شان اور سیکرٹری پی این ڈی نے شرکت کی۔
اجلاس میں کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج کی جزیات کا فردا فردا جائزہ لیاگیا اور طے کیا گیا کہ زمینی حقائق پر ضرورت کے مطابق آزادکشمیر کے خطہ کی تقدیر بدلنے کے لیے جامع اور قابل عمل پیکیج ممکن بنایا جائے گا جس کی منظوری آئندہ اجلاس میں دی جائے گی۔مجوزہ کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج کی سفارشات وتجاویز وزیراعظم پاکستان کو بھی ارسال کی جائیں گی۔500ارب روپے کے مجوزہ کشمیرڈویلپمنٹ پیکیج میں ایسے منصوبہ جات شامل کیے جارہے ہیں جو آزادکشمیر کے اندر روزگار کے مواقع پید اکرنے کا باعث ثابت ہونگے اور عوامی سہولت کا باعث ہوں گے۔پیکیج زمین پر نظر آئے گا،مجوزہ پیکج کے لیے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔مجوزہ پیکیج میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے منصوبہ جات شامل کیے جارہے ہیں۔اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر تحریک انصاف وچیئرمین کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج سردار تنویر الیاس نے واضح کیا ہے کہ مجوزہ پیکیج کے ذریعے آزادکشمیر میں برسوں سے نظر انداز اور پسماندہ علاقوں میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے منصوبہ جات شامل کیے جائیں گے۔آزادکشمیر میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے مجوزہ پیکیج میں خوشخبریاں ہی خوشخبریاں ہیں۔کوشش کررہے ہیں کہ آزادکشمیر کے تمام علاقوں میں بلاتخصیص وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے عین مطابق ایک جامع،قابل عمل،دیر پا اور پائیدار پیکیج منظور کروایا جائے۔وزیراعظم پاکستان آزادکشمیر کو خصوصی ترقی دینے کے لیے بے چین ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت آزادکشمیر کے لیے مجوزہ پیکیج کو بھرپور وسائل فراہم کرے گی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی بعض جماعتوں اور کچھ زعما کو مجوزہ کشمیر ڈویلپمنٹ پیکیج کی وجہ سے بلاوجہ مروڑ اٹھنا شروع ہوگئے ہیں وہ جماعتیں جن کا آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں کوئی کردار نہیں وہ نہیں چاہتے کہ عام آدمی کے مسائل حل ہوں۔آزادکشمیر میں تعلیم اور روزگار وقت کی ضرورت ہے،ان شا اللہ تحریک انصاف کی حکومت اس حوالے سے اپنے تمام وعدے پورے کریگی۔تحریک انصاف آزادکشمیر کے عوام کے احساسات کی ترجمان ہے،اس وجہ سے عوام نے حالیہ انتخاب میں تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بھاری مینڈیٹ سے نوازا ہے۔تعمیر وترقی اور بنیادی مسائل اور روزگار آزادکشمیر کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے،تحریک انصاف کی حکومت اس حق کو عوام تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گی۔