
قوم کو بیداری کا سبق دینے والے شاعر مشرق علامہ اقبال کا 144 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔لاہور سمیت ملک بھر میں پاکستانی قوم علامہ اقبال کا 144 واں یوم پیدائش انتہائی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔پاک فوج کی جانب سے میجر جنرل شہباز خان نے خصوصی شرکت کی۔ پاک بحریہ کے سٹیشن کمانڈر کموڈور عامر اقبال خان اور وزیراعلی پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال کی تعلیمات ہی تصور پاکستان کی بنیاد بنیں،ان کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔انھوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کوخود انحصاری اورخوداعتمادی کا انمول درس دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اقبال کے فلسفہ خودی نے مسلمانوں میں جذبہ حمیت اور آزادی پیدا کیا، علامہ اقبال کی تعلیمات ہی تصور پاکستان کی بنیاد بنیں،ان کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ آج عظیم شاعر، مفکر اور حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 144 واں یوم پیدائش ہے۔علامہ اقبال کا خواب درحقیقت اسلامی ریاست کا تھا جسکا رول ماڈل مدینہ کی اسلامی ریاست اور قانون کی بالادستی اسکا اہم جزو تھا۔آج عمران خان کی جدوجہد اسی ریاست کے قیام کیلئے ہے جہاں انصاف اور قانون ہو۔