کراچی، آسٹریلیا کی جانب سے 24 سال بعد دورہ پاکستان کے اعلان کے فوری بعد سوشل میڈیا پر ویلکم ٹو پاکستان کا ٹرینڈ چل گیا۔
آسٹریلیا نے آخری بار 99-1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 سے کامیابی سمیٹی تھی جس کے بعد پاکستان نے 2002، 2010 اور 2018 میں آسٹریلیا کے ساتھ ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلیں۔حال میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کو جواز بناکر دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا جب کہ نیوزی لینڈ نے یہی سیریز یو اے ای میں کھیلنے کا کہا جس پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے واضح کردیا کہ پاکستان آج کے بعد اپنی ہوم سیریز کسی اور ملک میں نہیں کھیلے گا جس کے بعد آسٹریلیا نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستانی شائقین کرکٹ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے آسٹریلیا کو پاکستان میں خوش آمدید کہنا شروع کردیا۔ایک صارف نے کرکٹ آسٹریلیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ کو اس دورے کی اشد ضرورت تھی۔ایک اور صارف نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے ٹاکرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا خوش آمدید آسٹریلیا، اور سیکیورٹی کی فکر بالکل نہ کریں، وہ بہت جلد ٹھیک کردیں گے۔ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا آسٹریلیا نے سیمی فائنل سے پہلے پاکستان کے گرد شکنجہ کسنے کی کوشش کی ہے تاہم یہ دشمنی سیمی فائنل تک جاری رہے گی، اس کے بعد آپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے۔واضح رہے پاکستان اگلے سال مارچ میں آسٹریلیا کے ساتھ 3، ٹیسٹ 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کی میزبانی کرے گا۔