اسلام آباد، وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی لہتراڑ روڈ میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑی کارروائی،درجنوں غیرقانونی اسٹالز مسمار، تجاوزات کنندگان کا 08 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پیر کے روز اسلام آباد کے مصروف شاہراہ لہتراڑ روڈ پر تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائی،یہ آپریشن لہتراڑ روڈ پر ترامڑی چوک سے شروع کیا گیا جو کہ بنک اسٹاپ تک جاری رہا۔ اس آپریشن کے دوران متذکرہ روڈ کے دونوں اطراف قائم تجاوزات کو ہٹایا گیا جبکہ دوکانوں کے باہر قائم درجنوں غیر قانونی اسٹالز بھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کئے گئے۔ علاوہ ازیں اس آپریشن میں تجاوزات کنندگان کا 08 ٹرک سامان بھی ضبط کیا گیا۔ یاد رہے کہ لہتڑاڑ روڈ پر ٹریفک کے بہاو میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے سی ڈی اے انتظامیہ تجاوزات کے خلاف مسلسل آ پریشن کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات پر قابو پایا جا سکے۔