اسلام آباد،وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)پر پابندی ہٹانے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی کیساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے اور عائد پابندیاں ختم کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے بعد وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)پر پابندی ہٹانے کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے تحریک لبیک پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دی۔منظور کی گئی سمری کے مطابق پنجاب حکومت نے تحریک لبیک کے نام کا کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سفارش کی ہے، ٹی ایل پی نے آئندہ پرتشدد احتجاج نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔اس سے قبل تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم کی فہرست نکالنے اور عائد پابندیاں ختم کرنے کے معاملے پر وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کی طرف سے آنیوالے خط کو وزارت قانون کو بھجوایا۔یاد رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت کو ایک سمری ارسال کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان سے پابندی ہٹائی جائے اور کالعدم کا لفظ ختم کیا جائے۔خیال رہے کہ 4 نومبر کو پنجاب کی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان سے کالعدم کا اسٹیٹس ہٹانے کی سمری منظوری کی تھی۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر مملکت علی محمد خان کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے تحریک لبیک پاکستان کے معاملے پر مفتی منیب الرحمان سمیت دیگر علما سے مذاکرات کیے تھے۔فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں اب تک 2000 سے زائد ٹی ایل پی کارکنان کو رہا کیا جا چکا ہے جبکہ ٹی ایل پی نے مختلف شہروں میں جاری دھرنے ختم کر دیے ہیں البتہ وزیرآباد میں کچھ کارکن موجود ہیں جو معاہدے پر مکمل عمل درآمد تک وہیں قیام کا ارادہ رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ وزارت قانون نے حکومت پنجاب کی سفارشات کی منظوری دے دی اور پابندی اٹھانے کی حمایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی معاملے پر وزارت داخلہ کو نظرثانی کرنی ہے۔قبل ازیں کالعدم تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے معاہدے پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کالعدم تنظیم کے 2100 کارکنوں کو رہا کیا جا چکا ہے لیکن جن کارکنوں کے خلاف مقدمات ہیں وہ عدالتوں سے رجوع کریں گے تاہم پنجاب حکومت ان کے بارے میں نرم رویہ اختیار کرے گی۔ذرائع کے مطابق راجہ بشارت نے کہا کہ باقی ماندہ 42 افراد کے نام بھی فورتھ شیڈول سے نکال دیے جائیں گے ۔