اسلام آباد، پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے سے جڑواں شہروں میں مہنگائی کی نئی لہر آگئی اور اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے، گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔
پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے سے راولپنڈی، اسلام آباد کی غلہ منڈی، فروٹ منڈی، سبزی منڈی، چکن منڈی اور مچھلی منڈی میں مہنگائی کا نیا سونامی آگیا ہے۔ دودھ ، دہی، گھی، آٹا، چاول، دالیں، گوشت اور مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، پہلے ہی مہنگائی سے تنگ شہریوں نے حالیہ مہنگائی کو آخری حد قراردے دیا ہے۔پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ساتھ گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا، جڑواں شہروں میں میٹرو بس کے علاوہ ٹیکسی، رکشہ، کیب، سوزوکی اور ویگن کے کرایوں میں اسٹاپ ٹو اسٹاپ اضافہ کردیا گیا ہے، جس سے کم آمدن والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے لاہور، میانوالی، بنوں،سیالکوٹ،راولپنڈی، ملتان، جھنگ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، کھاریاں،سمیت دیگر شہروں کے کرایوں میں 100روپے سے زائد کا اضافہ کردیا ہے جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ مالکان نے بھی فی نگ کرایہ میں 100 روپے اور ڈلیوری چاچز میں دس روپے اضافہ کردیا ہے جس سے مہنگائی کاطوفان سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔