راولپنڈی (آئی پی ایس )سماجی وانسانی حقوق کی کارکن مریم ادریس نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ،آئے روز بھارت کی ریاستی دہشت گردی بڑھتی جا رہی ہے جس کو روکنا ہو گا پچھلے ماہ متعدد نوجوانوں کو بدترین ظلم وستم کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا، عالمی برادری گونگی، بہری اور اندھی نہ بنے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے، ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی آواز بننا اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا ہو گا تاکہ بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جا سکے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،انشااللہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔مریم ادریس نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں بزرگوں، جوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا اہم کردار ہے جو بھارتی ریاستی دہشتگردی اور اوچھے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کر رہی ہیں اور اپنے حق خودارادیت کے لیے ڈٹی ہوئی ہیں ایک انسانی حقوق کی کارکن ہونے کے ناطے میرا اپنی کشمیری ماؤں، بہنوں کو سلام ہے جو اس وقت مقبوضہ کشمیر میں اپنے بیٹوں اور بھائیوں کی قربانی دینے کے ساتھ ساتھ بھارتی درندہ صفت فوج کے ظلم و تشدد کو سہہ رہی ہیں مگر وہ ڈری نہیں، جنسی تشدد کا انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے بھائیوں، بیٹوں اور شوہروں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے بہانے غائب کیا جا رہا اور بعد میں شہید کر دیا جاتا ہے لیکن ان تمام انسانیت سوز مظالم کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلند ہیں لیکن مجھے افسوس ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے خواتین پر کیے جانے والے یہ بدترین مظالم نظر نہیں آ رہے وہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، مریم ادریس کا کہنا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر رکنے والی نہیں بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی۔