اسلام آباد،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وکلاجمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کے محافظ ہیں، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں وکلاکا روشن کردار تاریخ کا حصہ ہے، بار ایسوسی ایشنز کی سیاست آزادانہ ہونی چاہئے، حکومت اور سیاسی جماعتوں کی اس میں کوئی مداخلت نہ ہو، آئندہ دور ڈیجیٹل ہے، لیگل سسٹم کی مضبوطی کے لئے ریفارمز ضروری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملکی مفاد بار ایسوسی ایشنز سمیت ہم سب کے لئے مقدم ہے، حکومت بار ایسوسی ایشنز کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں اور پرعزم ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم ہر سطح پر وکلا کے ساتھ کھڑے ہیں، آئین و قانون کی سربلندی کیلئے وکلا کی گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے بار ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ زیر التوا مقدمات جلد نمٹانے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن کی ایک ایسی باڈی ہونی چاہئے جو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججوں کے فیصلوں کا موازنہ کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل سے آگاہ ہیں، وکلا کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔ تقریب میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر چوہدری محمد احسن بھون، نائب صدر (پنجاب)خاور اکرام بھٹی، سیکریٹری وسیم ممتاز ملک، چوہدری ریاست علی گوندل ایڈیشنل سیکریٹری، سینیٹر علی ظفر، پاکستان بار کونسل کے عہدیداران طاہر نصراللہ وڑائچ، حفیظ الرحمان چوہدری، سابق سیکریٹریز سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، رانا شہزاد صفدر حسین تارڑ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان وڑائچ، نائب صدر (سندھ)عزیز احمد خان، اراکن ایگزیکٹو کمیٹی (سندھ)جان علی جونیجو، ذوالفقار حیدر شاہ، اراکین ایگزیکٹو کمیٹی (پنجاب)رانا اختر علی، چوہدری طارق جاوید اور اوورسیز پاکستانیز فورم کے چیئرمین محمد ساجد تارڑ نے شرکت کی۔