
اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس کی ہدایت پر عوامی شکایات اور رشوت ستانی کو ختم کرنے کیلئے تھانوں کی نگرانی شروع، وفاقی دارلحکومت میں تھانوں کی براہ راست نگرانی کیلئے جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم نصب کردیا گیا،ڈیجیٹل کنٹرول روم سے تھانوں میں سائلین سے ان کے مسائل پر برائے راست بات ہوسکے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ اوز، محرروں کے دفاتر اور فرنٹ ڈیسک پرجدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے ڈیجیٹل کنٹرول روم سے تھانوں میں موجود سائلین کے ساتھ براہ راست بات کی۔آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز بھی اپنے دفاتر سے کسی بھی وقت تھانوں میں سائلین سے براہ راست بات کرسکیں گے ،اے آئی جی آپریشنز کو روزانہ کی بنیاد پر ایک گھنٹہ جدید سسٹم کے ذریعے براہ راست سائلین سے گفتگو کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کے مطابق جدید سسٹم کے ذریعے سائلین سے کی گئی گفتگو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے گا، اس جدید ٹیکنالوجی کا مقصود سینئیر افسران کا تھانوں میں تعینات ماتحت افسران کی عوام کے ساتھ رویہ کی جانچ پڑتال کرنا، اس عمل سے ناصرف شہریوں کے ساتھ پولیس کا رویہ بہتر ہوگا بلکہ محکمے کی نیک نامی کو بھی تقویت ملے گی،اس اقدام سے شہریوں کو افسران کے دفاتر نہیں جانا پڑے گا۔