
اسلام آباد،کنگ سلمان ریلیف سنٹر نے بلوچستان کیلئے ونٹر ریلیف منصوبے کا آغازکر دیا ، پیکیج میں 58 ہزار رضائیاں اور ملبوسات کی 29 ہزار کٹس شامل ہیں ، منصوبے سے 2لاکھ 90 ہزار غریب افراد مستفید ہوں گے،وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ عقیدے پر مبنی سیاسی، معاشی اور تذویراتی تعلقات قائم ہیں، عالمی سطح پر ان تعلقات کو اہم حیثیت حاصل ہے، سعودی عرب اور ہمارے تعلقات قیام پاکستان سے قبل 1940سے قائم ہونا شروع ہوئے اور 1947میں قیام پاکستان کے بعد ان تعلقات نے نئی جہت اختیار کرنا شروع کی، شاہ سلمان ریلیف فنڈ کے ذریعے فلاحی کام قابل تحسین ہیں، ونٹر ریلیف پراجیکٹ سے غریب طبقہ مستفید ہوگا۔
جمعرات کو سعودی سفارت خانہ میں کنگ سلمان ہیومنٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے ونٹر ریلیف پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی، 2005کے زلزلہ میں سعودی عرب نے 10 ملین ڈالر کا عطیہ کیا، 2008-09میں سیلاب کے دوران سعودی عرب کی جانب سے 170 ملین ڈالر اور 2014میں اکنامک ریلیف کے لئے 1.5 ملین ڈالر کا ریلیف پیکیج دیا گیا، 1960سے سعودی عرب پاکستان کا سب سے بڑا ڈونر ملک ہے۔ سعودی عرب نے 38 ملین ڈالر ڈیزاسٹر ریلیف کے لئے فراہم کئے، ہائوسنگ منصوبے کے لئے 55 ملین ڈالر، سکولوں کے لئے پانچ ملین ڈالر، مساجد کے لئے 13 ملین ڈالر کے عطیات دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 11271 مکانات تعمیر کئے گئے، 9800 افراد اس منصوبے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات عشروں پرانے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات نئی جہت اختیار کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری سعودی عرب کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ہیومنٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے شروع کئے جانے والے ونٹر ریلیف پراجیکٹ سے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے مستحقین مستفید ہوں گے۔ واضح رہے کہ کنگ سلمان ہیومنٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی جانب سے ونٹر ریلیف پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت 29 ہزار کٹس پسماندہ علاقوں کے عوام میں تقسیم کی جائیں گے۔ اس پراجیکٹ سے 2 لاکھ 90 ہزار غریب افراد مستفید ہوں گے۔