
لاہور(آئی پی ایس )پنجاب پولیس میں ترقی کے منتظر ڈی ایس پیز اور انسپکٹرز کیلئے ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ،لاہورہائیکورٹ نے ڈی ایس پیز سمیت پولیس کے درجنوں افسروں کو ٹائم سکیل پروموشن دینے کا حکم دے دیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملازمت کے 10 سال پورے کرنے باوجود ترقی کے منتظر درخواستگزار پولیس افسروں کو فوری ترقی دی جائے، ترقیوں کے حقدار پولیس افسروں کو 10 فیصد آسامیوں پر تعینات کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ درخواستگزار پولیس افسروں کی ترقی پر اعتراضات پر 2 ماہ میں فیصلہ بھی کیا جائے۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے ڈی ایس پی انیل انور سمیت دیگر کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔سرکاری وکیل نے کہا کہ پولیس کے اعلی عہدوں پر ترقیوں کیلئے 10 فیصد اسامیاں مقرر ہیں۔درخواستگزر نے موقف اپنایا کہ درخواستگزاروں کو اپریل 2019 میں 10 برس کی سروس کے بعد اگلے عہدوں پر ترقی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، محکمے میں اگلے عہدوں کیلئے آسامیاں نہ ہونے کا جواز بنا کر ترقی نہیں دی گئی،محکمہ پولیس نے اکتوبر 2019 میں ترقی کیلئے محدود اسامیوں کی دستیابی کا جواز بنا کر نیا نوٹیفکیشن جاری کیا۔درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ محکمہ پولیس کا درخواستگزاروں کو محدود اسامیوں کے جواز پر ٹائم سکیل پروموشن نہ دینے کا نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے۔استدعا کی گئی درخواستگزاروں کو ٹائم سکیل پروموشن دینے کا حکم دیا جائے۔