حکومت اور کالعدم جماعت کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج رات لاہور میں ہوگا ۔سٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینئر علی محمد خان اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوگئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر اور اسٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ علی محمد خان نے بتایا کہ سٹیئرنگ کمیٹی کا آج دوسرا اجلاس لاہور میں ہو گا،سٹیئرنگ کمیٹی طے شدہ معاہدہ کے نکات پر تیزی سے عملدرآمد کے بارے لائحہ عمل طے کرے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کالعدم تحریک لبیک کے مظاہروں اور تشدد کو روکنے اور کالعدم تنظیم کے کارکنان کی گرفتاریوں اور دیگر معاہدوں پر عملدر آمد کے لئے فریقین کے مابین معاہدہ طے پایا تھا، جس پر عملدر آمد کے لئے ایک اسٹیرنگ کمیٹی بنائی گئی تھی، جس کی سربراہی علی محمد خان کر رہے ہیں، اور دیگر ارکان میں وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت، سیکرٹری داخلہ، ہوم سیکرٹری پنجاب کمیٹی جب کہ مفتی غلام غوث بغدادی، انجینیئر حفیظ اللہ قلبی اسٹیئرنگ کمیٹی کا حصہ ہیں۔دوسری جانب حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی میں معاہدہ طے پانے کے بعد جڑواں شہروں سے کنٹینرز ہٹا کر بند سڑکوں کو کھول دیا گیا ، سڑکیں کھلنے کے بعدمعاملات زندگی بحال ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی میں معاہدہ طے پانے کے بعد جڑواں شہروں میں بند کی جانے والی تمام سڑکوں سے کنٹینر ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ،مری روڈ پر موجود تمام کنٹینر کو ہٹا دیا گیا ، علاوہ ازیں فیض آباد سے بھی تمام کنٹینر کو کرین کی مدد سے ہٹا دیا گیا ، صدر اور ملحقہ سڑکوں سے ڈائیورشن کو ختم کرتے ہوئے نائینتھ ایونیو سگنل سے سٹیڈیم روڈ کی طرف ہر طرح کی ٹریفک کو کھول دیا گیا ۔