
اسلام آباد ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی ایک کلو چائے کی پتی 100سے 200 روپے مہنگی کر دی گئی ہے جبکہ بچوں کا 500 گرام فارمولا دودھ 60 روپے اور ایک کلو کپڑے دھونے کا پاوڈر 10 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔سرکاری اسٹورز پر کافی کے 100 گرام جار کی قیمت 50 روپے تک بڑھا دی گئی ہے، اسی طرح ایک کلو کسٹرڈ کے 300 گرام کا پیکٹ 5 روپے،کارن فلور 300 گرام 20 روپے، 250 گرام شہد 95 روپے تک مہنگا کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، گوجرانوالا اور کوئٹہ میں چینی کی قیمت 120روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔دوسری طرف ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز نے قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں متعدد برانڈز نے برانڈڈ اشیا جیسے چائے، دودھ، دلیہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اس کے باوجود یوٹیلیٹی اسٹورز پر عزم ہے کہ عوام الناس کو بنیادی اور برانڈڈ اشیا اوپن مارکیٹ سے کم نرخوں پر مہیا کرتا رہے گا۔اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر ان اشیا کی نئی قیمتیں پرنٹڈ ریٹیل مارکیٹ پرائس سے کم ہوں گی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان اشیا کی قیمتوں میں پچھلے چھہ ماہ سے اضافہ نہیں کیا گیا لیکن اوپن مارکیٹ میں برانڈز کی طرف سے ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا چکا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر یہ اضافہ رسد و سپلائی کی بہتری کیلئے کیا گیا ہے۔