
اسلام آباد (آئی پی ایس) اسلام آباد میں خواتین میں چھاتی کے کینسرسے متعلق آگاہی کیلئے فیڈرل میڈیکل کالج کی جانب سے واک و سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات اور ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک میں شریک ڈین ڈاکٹر رضوان تاج کا کہنا تھا پاکستان میں اس مرض کی ابتدائی تشخیص کا نہ ہونا ایک بڑا چیلنج ہے۔ جب تک تکلیف نہ ہو خواتین اس پر توجہ نہیں دیتیں، ان کا کہنا تھا چھاتی کے سرطان سے ڈرنا نہیں ہمت کرکے لڑنا ہے وگرنہ جتنی دیر ہوگی اتنی ہی پریشانی اٹھانا پڑے گی۔ پرنسپل ڈاکٹر فرح شاہد نے کہا آگاہی کی کمی اور خواتین کا مرض کو چھپانا بھی ایک معاشرتی مسئلہ ہے اس بیماری سے گھبرائیں نہیں بلکہ وقت پر بتائیں۔ ڈاکٹر توقیر احمد اور ڈاکٹر حمیرا محمود نے اظہار خیال میں کہا کہ پاکستان میں دوسرے ممالک کی نسبت خواتین میں چھاتی کا کینسر زیادہ پھیل رہا ہے جو تشویشناک ہے اس لیے آگاہی مہم مرض کی روک تھام و علاج کے لیے انتہائی کلیدی کردار کی حامل ہے۔ آگاہی واک میں شریک شرکا نے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کیلئے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر بھی اٹھا رکھے تھے۔