
اسلام آباد (آئی پی ایس) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں رحمتہ اللعالمین اتھارٹی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے شرکا ء سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی بقاء اخلاقی اقدار کو مضبوط کرنے میں ہے۔ اخلاقی اقدار کی بہتری کیلئے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ راہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے. رحمتہ اللعالمین اتھارٹی اخلاقیات کی قومی سطح پر بہتری کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی سکول، کالج، یونیورسٹی، میڈیا اور بین الاقوامی سطح پر تحقیق کے ذریعے سیرت طیبہ کے پہلوؤں کے عملی زندگی میں اطلاق کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگی ۔ اس ضمن میں ڈرامے، کارٹون اور فلمیں بنائی جائیں گی جن کا مقصد اپنے کلچر اور تاریخ کے بارے میں نوجوان نسل کو آگاہی دینا ہوگا۔ وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اتھارٹی مقامی اور بین الاقوامی کاوشوں یکجا کرنے کی کوشش کرے گی اور فرقہ واریت کے خاتمے میں معاون بھی ثابت ہوگی ۔ اجلاس میں وفاقی وزراء پیر نور الحق قادری، شفقت محمود، ڈاکٹر انیس احمد، صاحبزادہ سلطان احمد علی اور پروفیسر اعجاز اکرم نے شرکت کی۔ اجلاس کو رحمتہ اللعالمین اتھارٹی پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اتھارٹی کا آرڈینینس جاری ہوچکا ہے ۔ اتھارٹی کا بورڈ 6 ارکان پر مشتمل ہوگا کی صدارت وزیراعظم کریں گے۔ بورڈ ارکان میں مقامی اور بین الاقوامی سطح کے محققین شامل ہوں گے۔ جن کی تقرری میرٹ کی بنیاد پرہوگی۔