
اسلام آباد(آئی پی ایس )سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے خصوصی مہم کوجاری رکھتے ہوئے مزید 70 گھروں کے سامنے سے تجاوزات ختم کردیا۔ سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کے روز تھرڈ روڈ سیکٹر G-10/4 میں مزید 70 گھروں کے سامنے سے متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار کردی۔تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر اسلام آباد میں گھروں کے باہر تجاوزات کو ختم کرنے لئے خصوصی مہم شروع کی جا چکی ہے۔ اس مہم کے دوران تھرڈ روڈ سیکٹر G-10/4 پر واقع گھروں کے باہر بنائے گئے غیر قانونی فینسز، شیڈز، داخلی دروازے، گرل، دیواریں اور آہنی سیڑھیاں بھاری مشینری کی مدد سے توڑ دئیے گئے جبکہ متعدد رہائشیوں کو ازخود تجاوزات ہٹانے کے لئے نوٹسز بھی دئیے گئے۔ اس خصوصی مہم کے دوران سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، انوائرنمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں اب تک مجموعی طور پر 210 گھروں کے باہر غیر قانونی تجاوزات کو ختم کر چکی ہیں جبکہ تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لئے یہ آپریشن آئندہ دنوں بھی جاری رہے گا۔ اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے ایک بار شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اپنے گھروں کے باہر قائم تجاوزات ازخود ختم کردیں تاکہ دوران آپریشن کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کا کہنا تھا کہ گھروں کے باہر قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔