
شارجہ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹو ں سے شکست دے کر گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ،کیویز کو شکست پر ملک بھر میں جشن ، سٹیڈیم میں سیکیورٹی ، سیکیورٹی کے نعرے لگ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں حارث رئوف کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بناسکی جس کے جواب میں پاکستان نے آصف علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ایک اوور پہلے ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پچھلے میچ کے برعکس بابراعظم اس بار صرف 9 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور 11 رنز ہی بناسکے، محمد حفیظ بھی 11 رنز بناکر آئو ٹ ہوئے۔محمد رضوان بھی 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم شعیب ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور آخر میں آصف علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے گرائو نڈ میں چھکوں کی برسات کردی۔ شعیب ملک اور آصف علی 27،27 رنز پر ناقابل شکست رہے۔اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا، گپٹل 17 رنز بنانے کے بعد حارث رئوف کا شکار بنے اور مچل 27 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جب کہ جمی نیشام صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔کپتان کین ولیمسن نے ڈیوڈ کونوے کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 25 رنز بنانے کے بعد حسن علی نے انہیں اپنی ہی گیند پر رن آئوٹ کردیا اور ڈیوڈ کونوے بھی 27 رنز پر ہمت ہارگئے۔ گلین فلپس کی اننگز کا خاتمہ 13 رنز پر حارث رئوف نے کیا۔حارث رئوف اور شاہین آفریدی نے آخری 4 اوورز میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کیویز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ ٹم سفرٹ بھی 8 رنز ہی بناسکے، پاکستان کی جانب سے حارث رئوف نے 4، شاہین آفریدی ، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد گرانڈ میں سکیورٹی سکیورٹی کے نعرے لگ گئے۔شکست کے بعد گرائو نڈ میں موجود شائقین نے نیوزی لینڈ پر طنز کے نشتر چلائے اور سکیورٹی سکیورٹی کے نعرے لگائے۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم پر طنز کیا جارہا ہے۔ ڈیوڈ ایلس نامی ٹوئٹر صارف کا کہنا تھاکہ ویلڈن پاکستان، سکیورٹی کا مسئلہ کامیابی سے حل کرلیا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کی ٹیم سکیورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ گئی تھی۔