اسلام آباد(آئی پی ایس)سی ڈی اے نے اسلام آباد کے ٹیوب ویل سسٹم کو خود کار نظام پر منتقل کرنے کا آغاز کردیا ۔چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے پونا فقیراں میں ٹیوب ویل آٹومیشن سسٹم کا افتتاح کیا۔پونا فقیراں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو تجرباتی بنیادوں پر آٹومیشن سسٹم پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پونا فقیراں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر نصب سسٹم سے 25 ٹیوب ویلز کو خودکار نظام کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔ٹیوب ویل کی آٹومیشن سے سیکٹر آئی ٹین اور آئی نائن میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔مذکورہ 25 ٹیوب ویلز کو سنگل کنٹرول روم کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔سی ڈی اے حکام کے مطابق واٹر سپلائی کی تمام تنصیبات کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بشمول ٹیوب ویلز کو آٹومیشن سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے۔اس خود کار نظام سے کارکردگی میں بہتری کے علاوہ سالانہ تین کروڑ روپے کی بچت بھی ہوگی ۔اس خودکار نظام کو موبائل ایپ سے مونیٹر بھی کیا جا سکے گا۔