اسلام آباد(آئی پی ایس )کامیاب جوان پروگرام میں عالمی اداروں کی دلچسپی کا سلسلہ جاری ہے، کامن ویلتھ حکام نے بھی پروگرام میں شراکت دار بننے کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف آئندہ سال ورلڈ یوتھ ڈے کی میزبانی پاکستان کو دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے بلکہ کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز کانفرنس بھی پاکستان میں بلائی جائیگی۔تفصیلات کے مطابق سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار سے دولت مشترکہ کے حکام نے رابطہ کیا۔کامیاب جوان پروگرام کیلئے کامن ویلتھ کے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں آئندہ سال ورلڈ یوتھ ڈے کی میزبانی پاکستان کو دئیے جانے کا بھی عندیہ دیا گیا۔ دولت مشترکہ نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہا ہے،کامن ویلتھ یوتھ منسٹرز کانفرنس بھی پاکستان میں بلائی جا سکتی ہے۔کامن ویلتھ نے پاکستان یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس پر بھی اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ پاکستان کے اقدامات تسلی بخش اور حوصلہ افزا ہیں۔عثمان ڈار نے کامن ویلتھ حکام کو کامیاب جوان پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا اورنوجوانوں کو جاری قرض کے تازہ اعدادوشمار پر بھی بریفنگ دی۔انہوں نے پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے بھی آگاہ کیا ۔عثمان ڈار نے کہا کہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہوں، نوجوانوں کی حکومتی سطح پر ہر ممکن سرپرستی کریں گے۔عثمان ڈار نے کہا کہ کامن ویلتھ کے تعاون کے نتیجے میں نوجوانوں کو مزید مواقع مل سکیں گے، نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی حکومتی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ذاتی طور پر پروگرام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔