اہم خبریںپاکستان

مذاکرات کامیاب،حکومت کا کالعدم ٹی ایل پی کیخلاف مقدمات واپس لینے کا اعلان

اسلام آباد /لاہور ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ،منگل یا بدھ تک کالعدم تنظیم کے خلاف کیسز واپس لیں گے، پیر کو صبح 10 بجے کالعدم تنظیم کے لوگ وزارت داخلہ میں آئیں گے،شیڈول فورتھ پر بھی نظرثانی ہوگی، فرانسیسی سفارتکارکی بے دخلی کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے ، حکومت کا کام نہیں کہ جوڈو کراٹے کرے، کوئی بھی ریاست ڈنڈا چلانا نہیں چاہتی، مرید کے میں بیٹھے لوگ بدھ کو واپس چلے جائیں گے لیکن جی ٹی روڈ پر رکاوٹیں برقرار رہیں گی، عمران خان کے ساتھ آیا ہوں، اسی کے ساتھ جائوں گا، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔وہ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں کالعدم ٹی ایل پی سے ہونے والے مذاکرات پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ایل پی سے تفصیلی مذاکرات ہوئے، وزیراعظم کو تمام صورتحال سے آگاہ کرتا رہا، سعد رضوی سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، مذاکرات میں فرانسیی سفیر کے حوالے سے کھل کر بات ہوئی، اس وقت پاکستان میں فرانس کا سفیر نہیں، فرانس کے معاملے کو اسمبلی میں لے کر جائیں گے، ان کا اعتراض درست تھا کہ چھ ماہ سے ان کے معاملے کو نہیں دیکھا جا سکا، منگل یا بدھ تک ان کے کیسز واپس لیے جائیں گے، احتجاجی قافلے نے منگل تک مریدکے میں پڑا کرنا ہے، انتظامیہ کو کینٹینر ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا وزیر داخلہ ختم نبوت کا سپاہی ہے، مذہبی لوگوں سے ٹکرا نہیں ہونا چاہیے، امن و امان کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے حالات بہتر ہوجائیں گے، حکومت کا کام نہیں جوڈو کراٹے کرے، ریاست کا کام ڈںڈا چلانا نہیں ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں آبادی کا سمندر ہے، اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کینٹینر ہٹادیں۔شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ریاست ہے اس پر عالمی دبائو ہے، ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان کا ایک پوائنٹ رہتا ہے، ہمیں عالمی مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے عام آدمی متاثر ہورہا ہے، احتجاج سیاسی پارٹیوں کا حق ہے، ہر سال پی ڈی ایم نومبر اور دسمبر کو مشقیں کرتی ہیں، جنوری تک سکون ہوجاتا ہے، ہمیں سوا 3 سال ہوگئے ہیں اور ہم اپنی مدت پوری کریں گے، پی ٹی آئی آئندہ الیکشن بجٹ دے گی، میری ہمدردی عمران خان کے ساتھ ہے ، ان کے ساتھ آیا ہو ان ہی کے ساتھ جائو ں گا۔ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹی فکیشن کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ گزشتہ جمعے تک نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن ہوجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکا، بلا شبہ اس وقت لیفٹیننٹ جنرل فیض ہی ڈی جی آئی ایس آئی ہیں، بحیثیت وزیر داخلہ مجھ سے ایسے ہی سوال پوچھے جائیں جو میرے دائرہ کار میں ہوں، اس حوالے سے وزیر اطلاعات سے پوچھا جائے۔پریس بریفنگ سے قبل شیخ رشید نے کہا تھا کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور معاملات کافی حد تک طے پا چکے ہیں، ٹی ایل پی کے زیر حراست افراد کو چھوڑ دیا جائے گا اور ماضی میں کیے گئے معاہدے کے تحت فرانسیسی سفارتکار کو بے دخل کرنے کا معاملہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔دوسری طرف کالعدم تنظیم کے مظاہرین نے حکومت سے مذاکرات کے بعد مریدکے میں پڑا ئو ڈال دیا ہے، راستوں کی بندش کے باعث گوجرانوالا میں پیٹرول اسٹیشنز پر پیٹرول اور ڈیزل کی قلت ہوگئی جبکہ لاہور میں ٹرین بند ہونے اور میٹرو بس کا روٹ محدود ہونے سے شہری پریشان ہیں۔ادھر راولپنڈی میں بند راستے تین دن بعد کھلنا شروع ہوگئے ہیں اور کنٹینرز ہٹائے جارہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker