پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ میں اپنے تین سالہ دور ملازمت میں ایک روپیہ بھی تنخواہ نہیں لوں گا کیونکہ میں نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور سسٹم کو بدلنے کیلئے ذمہ داری سنبھالی ہے اور میرا پہلا مقصد کرکٹ انفراسٹرکچر کو بدلنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے کہا کہ میں نے زیرو منی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کا حصہ بنا ہوں اور اپنے دور ملازمت میں ایک روپیہ بھی تنخواہ نہیں لوں گا۔ انہوں نے یہ انکشاف نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کرکٹ کلب مالکان کیساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نئے ٹیلنٹ کو ڈومیسٹک کرکٹ میں لانے کیلئے گراس روٹ لیول پر توجہ مرکوز کرنے سے متعلق گفتگو بھی کی تاکہ نئے لڑکوں کو اوائل عمری سے ہی ٹریننگ دی جا سکے اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے معیار کو سمجھ سکیں۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید انکشاف کیا کہ ملک میں کلب اور سکول کرکٹ کے فروغ کیلئے کرکٹ بورڈ ہر ممکن کوشش کرے گا اور ہر وہ کام کرے گا جس سے کرکٹ میں بہتری آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی سہولیات کی فراہمی سمیت ہر طرح کے معاملے میں تعاون فراہم کرے گا۔