اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے)انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعطیل کے باوجود منگل کے روز اسلام آباد کے علاقے سید پور میں غیر قانونی تعمیرات کی اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی جسمیں ناصرف غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا بلکہ غیر قانونی قابضین کی مبینہ سرپرستی اور سہولت فراہم کرنے پر اسسٹنٹ ڈرایکٹر فارسٹ عتیق الرحمن کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سیدپور گائوں میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سرکاری تعطیل کے دن غیر قانونی تعمیرات کی نشاندھی پر کارروائی عمل میں لائی، منگل کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا عملہ جب مزکورہ جگہ پر پہنچا تو وہاں سرکاری اراضی پر تعمیرات کی جارہیں تھیں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے کو بتایا گیا کہ چھبیس مرلے سرکاری اراضی عبدالحمید ولد محمد انور نے اسسٹنٹ ڈرایکٹر انوائرمنٹ عتیق الرحمن نے ایک لاکھ روپے بھتہ لیکر محمد جمیل ولد غلام نبی، ذوالفقار احمد ولد محمد رفیق اور گلزار احمد ولد جمعہ خان کو سرکاری جگہ دھوکہ دہی سے فروخت کی ہے، اس ضمن میں فوری کارروائی عمل میں لائی گئی اوربھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور آپریشن کیا گیا اور جنگلات کی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تعمیراتی سامان ضبط کرلیا۔ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث اور ان عناصر کو سہولت فراہم کرنے پر عتیق ارحمن اسٹنٹ ڈائریکٹر فاریسٹ سمیت چھ افراد کے خلاف با قاعدہ ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا ہے جبکہ عتیق الرحمن کے خلاف محکمانہ کارروائی کا اغاز کر دیا گیا ہے۔مزید برآں سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اگر سی ڈی اے یا ضلعی انتظامیہ کا کوئی بھی اہلکار تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات یا دیگر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرنے والوں کی معاونت میں پایا گیا تو اسکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جنگلات اسلام آباد کا حسن ہے اور اسکا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے وفاقی دارالحکومت میں سی ڈی اے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مسلسل آ پریشن کرنے میں مصروف ہے جس سے اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔