اسلام آباد، وفاقی حکومت نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر ٹیکس کم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی اور معاشی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں اہم وفاقی وزرا اور حکام نے شرکت کی، اجلاس میں متعلقہ حکام کو ملک میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے ایک روڈ میپ تیار سے متعلق آگاہ کیا گیا اور وفاقی وزرا کو عوامی مشکلات کے تدارک کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات کی ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر گفتگو ہوئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر ٹیکسز کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزرا اپنے حلقوں میں مصنوعی مہنگائی پر نظر رکھیں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد عوام اور اپوزیشن کی جانب سے شدید رد عمل پایا جاتا ہے۔ اس سے قبل بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا