اسلام آباد ، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے این سی اوسی کا دورہ کیا۔
این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کے ہمراہ این سی اوسی کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈی جی این سی او سی میجر جنرل آصف محمود گورایا نے کوویڈ 19 کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا، اور بیماری کے پھیلاو کو روکنے کے لیے اقدامات، ویکسین اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی۔این سی او سی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے عوام کی حفاظت کے لیے این سی او سی اور تمام وفاقی یونٹس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز لازمی ویکسینیشن مہم اور ضروری این پی آئی کے نفاذ کے لیے زیادہ کوششیں کریں۔ وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کو ریٹائرمنٹ پر این سی او سی یادداشت بھی پیش کی۔این سی اوسی کے مطابق وزیراعظم نے ویکسی نیشن کے لازمی عمل کی تکمیل کیلئے تمام فریقین کو بھرپور اقدامات کی ہدایت کی ۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ این سی اوسی نے کورونا کیخلاف قوم کی جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔