اہم خبریںپاکستان

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان 5 سال پورے کریں گے، شیخ رشید

اسلام آباد،وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان کہیں نہیں جارہے، وہ 5 سال پورے کریں گے،عمران خان خوش قسمت ہیں جن کو نالائق،نااہل اور نکمی اپوزیشن ملی، ادارے کے سربراہ کا نام لینا مریم نواز کی کم عقلی ہے، فوج کو دھوبی گھاٹ چوک چوراہوں میں ڈسکس نہیں کرتے، نوازشریف پلان کرکے لندن گئے، اور جس طرح لندن گئے انہیں خون کے آنسو رونے کی ضرورت نہیں ہے، وہ خون کے نہیں مگرمچھ کے آنسو رو رہے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، لیکن ہم حالات کا خندہ پیشانی سے سامنا کررہے ہیں، افغانستان کے حالات کے باعث پاکستان میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ساری دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھیں جس سے پاکستان بھی متاثر ہوا، پوری کوشش ہے کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے۔

اسلام آباد میں اتوار کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پلان کرکے لندن گئے جس طرح وہ لندن گئے انہیں خون کے آنسو رونے کی ضرورت نہیں ہے وہ خون کے نہیں مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔ جب آپ فوج سے متعلق ایسے گفتگو کریں گے تو سیاست میں بھی آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ اور موچی دروازے والا سلوک ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو تین سال ہوگئے۔ آپ سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کرکے اپنی ہی قبر کھودیں گے۔ یہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی ہم نے اپنے لوگوں سے جو وعدے کئے سب پورے ہونے جارہے ہیں۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پچھلے دسمبر میں کہتے تھے عمران خان جارہے ہیں پھر کہا کل جائیں گے عمران خان کہیں جانے والا نہیں پانچ سال پورے کے گا اگلے الیکشن میں پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پٹرول اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھی ہیں پاکستان میں بھی اس کا اثر ہوا ہے۔ مہنگائی بڑھی ہے لیکن ہماری پوری کوشش ہے کہ اس پر قابو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان قوم کے ہیرو تھے عمران خان کی ہدایت پر انہیں پورے اعزازات کے ساتھ دفنایا گیا لوگ پراپیگنڈہ کررہے ہیں ہم نے ان کی تدفین کے انتظامات فیصل مسجد میں کئے تھے لیکن دینا خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وصیت ہے کہ انہیں ایچ ایٹ قبرستان میں دفنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 34افراد کو گرفتار کیا گیا ہے پانچ بڑی ایکس چینج کمپنیوں کا آڈٹ کروا رہے ہیں جو نتیجہ آئے گا قوم کے سامنے لائیں گے۔ افغانستان کے حالات کی وجہ سے ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں بڑھی بڑی تعداد میں ڈالر افغانستان بھیجا گیا ایف آئی اے کو ہدایات کردی گئی ہیں کہ ڈالر کی سمگلنگ کی تحقیقات کی جائیں۔ عمران خان خوش قسمت ہیں جنہیں نااہل نالائق اور نکمی اپوزیشن ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں دہشت گردی کی لہر ہے اور یہ کہتے ہیں ہمیں جلسے کرنے ہیں خود تو بلٹ پروف گاڑیوں میں بیٹھیں گے اور عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالیں گے۔ مریم نواز کی گفتگو سیاسی ناپائیداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے سربراہ کا نام لینا مریم نواز کی کم عقلی ہے۔ فوج کو دھوبی گھاٹ ‘ چوک چوراہوں میں ڈسکس نہیں کرتے۔ عمران خان کی حکومت نہ جانے میں ان کا بڑا تعاون شامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker