اہم خبریںپاکستان

ابتدائی طبی امداد کی تربیت کی فراہمی ہلال احمر کی اولین ترجیحی ہے،سلیم محمود

گلگت ،ہلال احمرگلگت بلتستان کے چیئرمین برگیڈئیر ریٹائرڈ سلیم محمود نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کی زد میں واقع ایک ایسا خطہ ہے جہاں پر ہر وقت کسی نہ کسی آفت کے وقوع پذیر ہونے کے خطرات موجود رہتے ہیں، ان آفات سے بروقت نمٹنے اور انسانی جانوں کو خطرات سے بچانے کے لئے ہلال احمر گلگت بلتستان معاشرے کے ہرطبقے کی مختلف شعبوں میں استعدارکارکو بڑھانے کے لئے تربیت دے رہا جس میں ابتدائی طبی امداد کی تربیت کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیحی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ہلال احمر گلگت بلتستان کے زیراہتمام صحافیوں کے لئے منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا ایک اہم ستون اور صحافی معاشرے کے آئینہ ہیں، معاشرے میں جہاں کہی بھی کوئی آفت آجاتی ہے تو سب سے پہلے جائے وقوعہ پر پہنچنے والے صحافی ہی ہوتے ہیں ایسے میں صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ دارویوں کے ساتھ ساتھ فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کرنا انتہائی اہم ہے تاکہ وہ آفت کے دورن انسانی جانوں کو خطرات سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر گلگت بلتستان طرح طرح کی مشکلات کے باوجود ایک نئے عزم وولولے سے دکھی انسانیت کی مدد کیلئے برسرپیکار ہے جس کے تحت ادارہ عوامی فلاح وبہبود کے متعدد منصوبوں پرکام کررہا ہے۔ ان منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے صوبائی حکومت اور زندگی کے ہرشعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول صحافی برادری کا تعاون نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان ملک کا ایک قومی ادارہ ہے یہ کوئی این جی او نہیں، یہ ادارہ قدرتی آفات اور فلاح انسانیت کے کاموں میں حکومت کے شانہ بشانہ کام کرتا ہے اسی لئے ہم سب نے ملکر اس کی آبیاری کرنی ہے۔ اس دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے پریس کلبوں سے نامزد صحافیوں نے شرکت کی جنہیں ابتدائی امداد کے اصول، طریقہ کار سے متعلق تربیت اور عملی مشقیں کرائی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker