راولاکوٹ،باغ،صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر وسینئر وزیر حکومت سردار تنویر الیاس خان کابین الاقوامی شہرت یافتہ ماسٹر پلانر ٹونی عشائی، اور سیاحت کے عالمی ماہرین کے ہمراہ ہفتہ کو آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات بنجوسہ پونچھ اور گنگا چوٹی باغ کا دورہ،وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحتی مقامات پر سٹیٹ آف دی آرٹ انفرا سٹرکچر تعمیر کرنے کے لیئے تفصیلی معائنہ کیا اور کہاکہ وفاقی حکومت کی طرف سے آزاد کشمیر کے لئے دیئے گئے پانچ سو ارب کے پیکیج میں سے سیاحت کو انڈسٹری میں ڈھال کر پرائیویٹ سیکٹر میں ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا
سردار تنویر الیاس نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں ٹورازم کے فروغ کے لیے عملا کام کا آغاز کر دیا ہے۔ قدرتی حسن سے مالا مال یہ خطہ آنے والے وقت میں سیاحوں کے لیے انتہائی پر کشش بنایا جائے گا۔اس منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور اگلے دو سالوں میں اس کے نتائج آپ کے سامنے ہوں گے۔وہ ہفتے کو بین الاقوامی شہرت یافتہ ماسٹر پلانر ٹونی عشائی کے ہمراہ پونچھ ڈویژن کے مختلف سیاحتی مراکز کا فضا سے جائزہ لینے کے بعد بنجوسہ جھیل کے کنارے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ و سنیئر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر کمشنر پونچھ ڈویژن انصر یعقوب ، ڈی آئی جی پونچھ سردار راشد نعیم ، ڈپٹی کمشنر چوہدری کاشف،ایس ایس پی پونچھ وحید گیلانی،مال آفیسر چوہدری سرفراز، اسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت ملک طارق اور محترمہ جمیلہ عشای ، سردار عا مر رفیق ، عدنان نواز، سعود حمید بھی موجود تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں کسی ایک سیاحتی مقام پر ماڈل ٹورسٹ ریزارٹ کے لیے جگہ کا انتخاب کرنا تھا جہاں چار ہزار کمروں پر مشتمل ہوٹل کی تعمیر بھی شامل ہے۔یہ منصوبہ دو سالوں میں مکمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت پرعزم ہے اور جلد آپ تبدیلی دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں ترقی کر کے بے روزگار ی ختم کرنے کی کو شش کریں گے۔ اس موقع پر کمشنر پونچھ نے سیاحتی مراکز کے حوالے سے بریفگ دی۔ بین الاقوامی ٹان پلانر ٹونی عشای نے اس موقع پر کہا کہ یہ علاقہ سیاحت کے حوالے سے انتہائی پرکشش ہے اور میری خواہش ہے کہ یہ منصوبہ سب سے پہلے آزاد کشمیر میں ہی شروع ہو ۔ انہوں نے یہاں کی مہمان نوازی اور خوبصورتی کی تعریف کی۔قبل ازیں انہوں نے تولی پیر، گنگا چوٹی اور دیگر سیاحتی مراکز کا بھی دورہ کیا۔