اہم خبریںپاکستان

غریب کیسے زندہ رہے گا؟،اپوزیشن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر برس پڑی

اسلام آباد /لاہور،اپوزیشن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت پر برس پڑی ۔

مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے، منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانا مظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے ،ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟، غریب آدمی گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟، پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے، پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟،قوم کو 46 روپے لیٹر پٹرول کا وعدہ کرکے عمران نیازی نے پٹرول کی قیمت 137 روپے فی لیٹر سے زیادہ کردی۔ 20 ہزار تنخواہ والے کا 10 ہزار بجلی کا بل آرہا ہے، 10 ہزار تنخواہ پانے والا کیا کھائے گا ؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟۔شہباز شریف نے کہا کہ رعایتی نمبر ملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں ، عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں، مہنگائی بڑھے تو وزیراعظم کرپٹ ہے ، اپنی کہی بات پر عمل کریں، ایسے شخص کو وزارت عظمی سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام پر بجلی بن کر گرا، ہر کسی کے پاس اے ٹی ایم اور کچن چلانے والے دوست نہیں ہوتے، حکومت اپنے خلاف خود لانگ مارچ کر رہی ہے، پٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، لوگ آج بھی 20 ہزار میں گزارہ کرتے ہیں، سب بنی گالا میں نہیں رہتے، غریب عوام پس رہے ہیں، عمران خان جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، نااہل اور نالائق حکومت نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا، حکومت نے عوام کو صرف تکلیف اور درد دیا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کے جلسے میں قوم کو بہت کچھ بتانا ہے، فیصل آباد میں فیصلہ کن جلسہ ہوگا، ہم عوام کا ایجنڈا لے کر چل رہے ہیں، حکومت کا 9 سال کا پلان ناکام ہوگیا، حکومت کا پتہ نہیں آج گئی یا کل گئی، حکومت کا 2021 مکمل کرنا مشکل ہو رہا ہے، روزانہ دوڑیں لگ رہی ہیں، امریکی ناظم الامور سے بہت سے معاملات پر بات چیت ہوئی، پارٹی کی سینئر قیادت بھی ملاقات میں شریک تھی۔انہوں نے کہا کہ اموات ڈینگی نہیں، بے حسی اور نااہلی کے باعث ہو رہی ہیں، شہباز شریف ہوتے تو پنجاب میں مفت ادویات مل رہی ہوتیں۔ادھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ردعمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے اگلے روز پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنا ثابت کرتا ہے کہ عمران خان ایک عوام دشمن وزیراعظم ہے، پیٹرولیم مصنوعات کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر پی ٹی آئی ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ کرکے حکومت دراصل عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کررہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی عوام دوست حکومت ہی ملک کو مہنگائی کے سونامی سے بچاسکتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا تھا تو ہم نے اس کا بقدر بوجھ عوام پر نہیں ڈالا تھا، پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والی ظالم حکومت سے نجات کے لئے عوام میرا ساتھ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker