
کراچی، سوئی سدرن کمپنی نے گیس قلت کے پیش نظر سندھ بھر میں 10روز کے لیے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی، طلب میں اضافے اور ایل این جی کی در آمد میں تاخیر کے نتائج موسم سرما کی آمد سے قبل ہی ظاہر ہونا شروع ہوگئے۔ ایس ایس جی سی نے سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو ہفتہ 16 اکتوبر کی صبح آٹھ بجے سے پیر 25 اکتوبر کی رات آٹھ بجے تک 228 گھنٹے کے لیے گیس کی فراہمی معطل رکھنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔واضح رہے کہ اس وقت ایل این جی کے نرخوں میں اضافے کے باعث پہلے ہی سی این جی کی قیمت 180 تا 185 روپے کلو کی سطح پر ہے اور سی این جی کی بندش کے باعث نہ صرف ہزاروں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں بلکہ سی این جی اسٹیشنز مالکان اور سی این جی کٹس والی گاڑیوں کے مالکان کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔