راولپنڈی(آئی پی ایس )نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ایک اور ریلیف،راولپنڈی کی احتساب عدالت نے غیر منظور شدہ ہاوسنگ سوسائٹی کا ریفرنس نیب پراسیکیوٹر کو واپس کردیا،ملزمان غلام محبوب، عابد محمود شیخ اور شازیہ حیدر پر غیر قانونی رہائشی پراجیکٹ شروع کرنے کا الزام تھا،ملزمان نے آر ڈی اے کی شرائط مکمل کیے بغیر جعلی اپارٹمنٹس کی بکنگ بھی شروع کردی تھی۔عدالتی فیصلہ کے مطابق یہ ملزمان پرائیویٹ افراد ہیں، ان کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں، ملزمان کو کمپنی چلا رہے تھے وہ پبلک لیمیٹیڈ نہیں تھی۔عدالت کے فیصلہ کے مطابق نیب آرڈیننس 2021 کی سیکشن 4 کے تحت یہ مقدمہ نیب عدالت کے دائرہ کار میں نہیں آتا، عدالت یہ مقدمہ استغاثہ اور تفتیشی افسر کو واپس کرتی ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر متعلقہ عدالت میں مقدمہ فائل کریں، تینوں ملزمان تین روز کے اندر تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوں، تفتیشی افسر 10 روز کے اندر ملزمان کو متعلقہ عدالت کے سامنے پیش کرے۔