اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فیک نیوز کے حوالے سے میڈیا کے اندرمباحثہ ضروری ہے،فیک نیوز کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک قانون سازی کر رہے ہیں،مینار پاکستان واقعہ کے بعد دنیا میں پاکستان کیخلاف غلط تاثر پھیلایا گیا،خبر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے تو اصل اورجعلی کی تمیز کرنا مشکل ہے۔جمعہ کو وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ادوار میں خبر کا ملنا مشکل تھا،اب سچی اور جھوٹی کا فرق مشکل ہے،خبر کو پھیلانے کے بہت سے ذرائع ہوگئے ہیں، خبر دینے والوں کی صحیح تربیت ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان واقعہ کے بعد دنیا میں پاکستان کیخلاف غلط تاثر پھیلایا گیا،پڑوسی ملک کے میڈیا نے مینار پاکستان واقعہ کے بعد پاکستانی معاشرے پر بے جا تنقید کی۔وزیراطلاعات نے کہا کہ خبر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے تو اصل اورجعلی کی تمیز کرنا مشکل ہے،ڈیجیٹل میڈیا ونگ کسی بھی عالمی ادارے کے برابر ہے،اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے عالمی سطح پر قوانین مرتب کرنا ہوں گے،فیک نیوز کے حوالے سے میڈیا کے اندرمباحثہ ضروری ہے،فیک نیوز کے حوالے سے دنیا بھر کے ممالک قانون سازی کر رہے ہیں۔