لندن(آئی پی ایس ) ریحام خان ہتک عزت کا کیس ہار گئیں، زلفی بخاری سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔برطانوی عدالت نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹے الزامات لگانے پر ہرجانہ ادا کرنے اور معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے لندن ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ عدالتی حکم کے مطابق ریحام خان کو زلفی بخاری کو 50 ہزار پانڈ بطور ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ برطانوی عدالت نے ریحام خان کو زلفی بخاری پر جھوٹے الزامات لگانے پر ہرجانے اور معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔ اس طرح کا قانونی نظام پاکستان میں لانے کی کوشش کو آزادی اظہار کے خلاف کہہ کر میڈیا مالکان مہم شروع کر دیتے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا بہرحال ریحام کا جھوٹا ہونا ایک بار پھر ثابت ہوا دراصل وہ عادی جھوٹی ہے۔دوسری جانب لندن ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ریحام خان نے زلفی بخاری کو مقدمے کے اخراجات اور ہرجانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اپنی ویڈیو میں زلفی بخاری سے ہتک آمیز الزامات پر معافی بھی مانگ لی ہے۔واضح رہے کہ 6 اور 7 دسمبر 2019 کو ریحام خان نے یوٹیوب براڈ کاسٹ میں الزام لگایا تھا کہ نیویارک میں پاکستان کے روزویلٹ ہوٹل کی فروخت میں زلفی بخاری کا مفاد ہے۔ زلفی بخاری نے روزویلٹ ہوٹل سے متعلق ریحام خان کی طرف سے الزامات عائد کرنے پر برطانوی عدالت سے رجوع کیا تھا۔